چنتامنی:20 نومبر(سید اسلم پاشاہ ؍ایس او نیوز)شہر کے مضافات میں واقع کاول گانہلی جین پبلیک اسکول میں آج سائنس ایگزبیشن کا انعقاد عمل میں آیا جس میں اسکول کے طلبہ و طالبات نے پورے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور سائنس کے ماڈل پیش کئے اور سائنسی نمائش میں پیش کئے گئے نمونوں کی تفصیل بھی مہمانوں اور سامعین کے گوش گذار کیا۔
سائنس نمائش کا افتتاح کرنے بعد خطاب کرتے ہوئے اسکول کے پرنسپال این۔منجوناتھ نے کہا کہ تعلیمی و معاشرتی بیداری وقت کا اہم تقاضہ ہے معاشرہ میں بچوں کی بہترین تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے سب سے زیادہ ذمہ داری والدین پر ہوتی ہے بچے کا باپ ایک حصے کی ترجمانی کرتا ہے تو دوسرے حصے کی ترجمانی ماں کرتی ہے دونوں ایک گاڑی کے دو پہئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے کچی مٹی کی مانند ہوتے ہیں انہیں جس سمت موڑ دیا جائے بڑی آسانی سے مڑجاتے ہیں اس ضمن میں سب سے پہلے گھر اور اساتذہ کو ان کی مثبت رہنمائی کرنی ہوگی وگرنہ معصوم ہونے کے باعث بچوں میں قوت برداشت کا فقدان انہیں بھی منفی قوت کا آلہ کار بنا کر اپنے ساتھ ساتھ سماج کیلئے بھی ناسور بناسکتا ہے قوت برداشت کا فقدان بچوں میں بدرجہ اتم موجود ہوتا ہے اگر صحیح تعلیم اور رہنمائی حاصل نہیں ہوئی تو یہ قوت برداشت انہیں گمراہی کی جانب لے جاتی ہے گیارہ تا تیرہ سال کی عمر یہ وہ عمر ہے جس میں بچے کے اندر بے انتہا صلاحیتیں کروٹ لیتی رہتی ہیں ان کے اندر موجود فنی صلاحیتوں کو پہچاننے میں کامیابی حاصل کرلی تو عین ممکن ہے کہ ان کے مستقبل کا رُخ موڑ دیا جاسکتا ہے اگر انہیں نظر انداز کردیا گیا تو یہ بھی ممکن ہے کہ بچے بری عادتوں کا شکار ہوجائیں۔اسکول کے ذمہ دار پراتی سارتی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر بچوں کو علوم اور فنون کے ڈھانچے میں ڈھالا جائے تو یہ بچے آگے چل کر بہت نام اور ترقی کرسکتے ہیں طلباء و طالبات کے اندر چھپے ہوئے ہنر ،فن اور صلاحیتوں کو اساتذہ علم کے ذریعہ نکھار سکتے ہیں ۔
انہوں نے اسکول کے تمام کمروں میں رکھے گئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ میں تو یہاں نمائش دیکھنے کو حاضر ہوا تھایہاں کے بچوں کے صلاحیتوں کو دیکھ کر میں خود حیرت زدہ رہ گیاایسے پسماندہ علاقے میں اتنے باصلاحیت بچوں کو دیکھ کر مجھے رشک ہونے لگا غریب علاقوں میں ہی علم و فن کے جوہرنظر آنے لگے ہیں اور بچوں کے اندر پائی جانے والی قدرت کے بے بہاکرشمہ دیکھنے کو ملتے ہیں اس موقع پر سائنس نمائش کو دیکھنے کیلئے کثیر تعدا د میں لوگ آرہے تھے۔ اسکول کے ٹیچر سی۔وجیا راج رجیشواری یسمین بانو آر۔وی۔بھارتی کے۔گیتا سمیت دیگر کئی احباب شریک تھے۔